• Thu. Sep 19th, 2024

حسن علی کے فریکچر کی نوعیت جاننے کیلئے سکین کب ہو گا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

Jan 1, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی کے فریکچر کی نوعیت جانچنے کیلئے سکین جنوری کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا جس کی رپورٹ کی روشنی میں ان کی میدان میں واپسی کا فیصلہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءکے بعد مسلسل فٹنس مسائل سے دوچار فاسٹ باﺅلر کی میدان میں واپسی کا فیصلہ اس رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔ 16جون کو بھارت کیخلاف ورلڈکپ میچ کے دوران ایکشن میں نظر آنے والے والے حسن علی کمر کی انجری کا شکار ہونے کے بعد بحالی کے عمل سے گزرے لیکن قائد اعظم ٹرافی میں اپنی ٹیم سینٹرل پنجاب کی جانب سے ابتدائی میچ ہی کھیل پائے اور پھر 7 ہفتوں تک فٹنس بحال کرنے کیلئے کوشاں رہے۔
نومبر کے آخری ہفتے میں ڈومیسٹک ٹیم کو دوبارہ جوائن کیا توٹریننگ کے دوران تکلیف محسوس کرنے پر انکشاف ہوا کہ ان کی بائیں جانب کی دو اور دائیں ایک پسلی میں ہیرلائن فریکچر ہوگیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈاکٹرز کی نگرانی میں ان کی بحالی کا عمل 12جنوری کوختم ہوگا جس کے بعد انجری کی نوعیت جاننے کیلئے سکین کروانے کے بعد ان کی میدان میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔