• Tue. Sep 17th, 2024

ٹاور سپورٹس اور سپورٹس ورکزمشترکہ طور پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے پروڈکشن پارٹنر مقرر

Jan 31, 2020

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان کرکٹ بورڈنےٹاورسپورٹس اورسپورٹس ورکز کو مشترکہ طور پرایچ بی ایل پی ایس ایل2020کےلیےپروڈکشن پارٹنرمقررکرنےکا اعلان کیا ہے،ایونٹ 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے پروڈکشن پارٹنرز کا انتخاب پاکستان پروکیورنمنٹ رولز 2004 کے تحت صاف شفاف طریقے سے کیا گیا،دو کمپنیوں کے اتحاد پر مشتمل کمپنی کا انتخاب ٹینڈر کےذریعے کیاگیاجنہوں نے سب سے کم مالیت پر ٹینڈر حاصل کیا۔ٹاور سپورٹس پاکستان جبکہ سپورٹس ورکز سنگاپور کی رجسٹرڈ کمپنیاں ہیں،دونوں کمپنیاں مشترکہ طور پربہترین ٹیم کے ذریعے شاندار پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گی،دونوں کمپنیاں، ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پروڈکشن کے فرائض سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے تعلق رکھنے والے کیمرہ مینز اور ٹیکنکل عملے کو تربیت بھی دیں گی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد پاکستان میں موجود براڈ کاسٹنگ نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

پروڈکشن ٹیم کی سربراہی کرس میکڈونلڈ جبکہ معاون کی ذمہ داریاں اسٹیفن نارس کے سپرد کی گئی ہے،میکڈونلڈ اس سے قبل ای ایس پی این سٹار سپورٹس میں بطور سینئر نائب صدرکےفرائض انجام دے چکے ہیں،وہ ٹین سپورٹس کے بانی اراکین میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ کمپنی کے سی ای او بھی رہ چکے ہیں۔نارس اپنے 30 سالہ پروڈکشن تجربے میں یو کے میں بی ٹی سپورٹس اور جنوبی ایشیا میں ٹین سپورٹس کو کامیابی سے لانچ کرچکے ہیں،وہ ٹین سپورٹس میں ہیڈ آف پروڈکشن بھی رہ چکے ہیں، وہ 2000 سے 2006 تک پاکستان کے میچز کی پراڈکشن کرنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔پروڈکشن کریو کے دیگر نمایاں اراکین میں ٹم فینلے، لاورنز رینزبرگ اور گراہم رینڈل شامل ہیں۔ٹم فینلے 30 سالہ دورِ ملازمت میں بی پی ایل، ایس ایل پی ایل، آسٹریلین اوپن اور بی سی سی آئی کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ ریگنز برگ سپر سپورٹس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں جبکہ رینڈل کے 25 سالہ تجربے میں آئی پی ایل کی پروڈکشن کرنا شامل ہے۔پی ایس ایل پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کی براہ راست پروڈکشن کے لیے ان تجربہ کار اراکین کی شمولیت پر بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ابتداء سے ہی پی سی بی مداحوں تک بہترین نشریات فراہم کررہا ہے، امید ہے کہ ٹاور اورسپورٹس ورکز آئندہ ایڈیشن میں بہترین پروڈکشن فراہم کرکے کرکٹ فینز کو متاثر کریں گے۔چیئرمین سپورٹس ورکز کرس میکڈونلڈ کاکہنا ہے کہ ہمارا مقصد پاکستان میں موجود کیمرہ مینز اور ٹیکنکل عملے کو اعلیٰ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دوران بہترین اور متاثرکن پروڈکشن فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ لیگ کے دوران باقاعدہ کلاس روم بنا کر پاکستانی عملہ کو تربیت فراہم کریں گے۔ کرس میکڈونلڈ نے کہا کہ ان کا ہدف آئندہ 2 سے 3 سال میں پاکستانی عملے کو بہترین سپورٹس پروڈکشن سیکھانا ہے۔