• Sat. Jul 27th, 2024

’بی جے پی کے سینئر لیڈرز کس کے جادو ٹونے کی وجہ سے مر رہے رہیں‘ ہندو انتہا پسند سادھوی پرگیہ نے حیران کن دعویٰ کردیا

Aug 27, 2019

بھوپال (نمائندہ خصوصی) بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی رکن اسمبلی سادھوی پرگیہ ٹھاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں مرنے والے بی جے پی کے سینئر لیڈرز کی موت کا سبب اپوزیشن کی جانب سے کرایا جانے والا جادو ٹونا ہے۔

سادھوی پرگیہ ٹھاکر ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ بھوپال میں حال ہی میں مرنے والے ارون جیٹلی سمیت دیگر بی جے پی رہنماﺅں کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں اپنے خطاب میں سادھوی پرگیہ نے جادو ٹونے کا حیران کن دعویٰ کیا۔

سادھوی پرگیہ نے بی جے پی کی سینئر لیڈر شپ کی موجودگی میں کہا کہ جب وہ الیکشن لڑ رہی تھیں تو ان کے پاس ایک مہاراج جی (پنڈت) آئے تھے جنہوں نے انہیں متنبہ کیا تھا کہ بی جے پی کے لیڈرز پر اپوزیشن کی جانب سے ’ مارک شکتی‘ کا استعمال کیا جارہا ہے۔

سادھوی پرگیہ نے کہا کہ الیکشن کے ہنگام وہ یہ بات بھول گئیں لیکن اب جبکہ ایک کے بعد ایک بی جے پی لیڈر بیمار ہو کر مر رہا ہے تو انہیں اس مہاراج جی کی بات یاد آرہی ہے۔ سادھوی پرگیہ نے کہا کہ سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر، سابق وزیر خارجہ سشما سوراج، سابق وزیر اعلیٰ بابو لال گور کے بعد سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا انتقال بھی جادو ٹونے کے باعث ہوا ہے۔