• Sat. Jul 27th, 2024

متحدہ عرب امارات کا مودی کو امن نوبل ایوارڈ دینا پورے عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے۔

Aug 28, 2019

(ملک عاصم اعوان کی رپورٹ )متحدہ عرب امارات کا مودی کو امن نوبل ایوارڈ دینا پورے عالم اسلام کے منہ پر طمانچہ ہے۔
کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھارت کی ظلم و بربریت کو نظر انداز کرتے ہوئے عرب امارات کا بھارتی وزیر اعظم مودی کو امن نوبل ایوارڈ دینا تشویش ناک ہے۔ اس سے پاکستان اور کشمیر کے عوام کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے اور عالم اسلام کی اس پر خاموشی اختیار کرنا حیران کن ہے۔
ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی پنجاب ونگ ریاض کے سابقہ جنرل سیکرٹری اور الریاض شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجہ گل زیب کیانی نے اپنے ایک بیانیہ میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 72 سالوں سے بھارت کشمیر کے عوام پر جو ظلم و بربریت کی انتہا اور انسانی حقوق کو پامال کر رہا ہے اس کے باوجود کشمیر کی تحریک آزادی کو روکنے میں مسلسل ناکام رہا ہے۔ کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی حق ہے جو انہیں کسی صورت بھی ملنا چاہئے اور پورے عالم اسلام کو مل کر اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرانے میں اپنا اہم کردار کرنا چاہے۔
موجودہ صورت حال کے پیش نظر کشمیر کی تحریک آزادی دن بدن زور پکڑ رہی ہے اور کشمیر کے عوام کی امیدیں اسلامی ممالک کے سربراہان پر ہیں لیکن اس موقع پر متحدہ عرب امارات کا مودی کو امن نوبل ایوارڈ سے نوازنا انتہائی تشویش ناک اور حیران کن ہے جبکہ باقی عالم اسلام کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے۔ جبکہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ چند ماہ میں جس جذبہ اور رنج و غم کے ساتھ عالم اسلام کی توجہ اس مسئلہ پر دلائی ہے وہ یقینا قابل تحسین ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی سطح پر جو اقدامات کئے وہ بھی یقینا قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے انتہائی احسن انداز سے کشمیر کے عوام کا درد اور ان کی آواز بن کر اقوام متحدہ تک اس مسئلہ پر توجہ دلانے کی بھرپور کوشش کی۔
گل زیب کیانی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان بھرپور طریقہ سے اپنے عزم اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ اپنی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہے اور موجودہ ممکنہ صورت حال کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع ایک اچھا فیصلہ ہے۔ بھارت نے ہمیشہ اپنے غلط رویہ کو اپناتے ہوئے پاکستان کو بری نظر سے دیکھا ہے مگر بھارت ہمیشہ بھول جاتا ہے کہ پاکستانی عوام اور افواج پاکستان بھارت کے ہر طرح کی غلط سوچ اور رویے کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور اور مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ اگر بھارت نے کشمیر کے عوام پر مظالم اور جبری مسلط قبضہ کو نہ چھوڑا تو بھارت عنقریب بکھر کر رہ جائے گا اور دنیا کے نقشہ پر کئی ٹکڑوں میں بٹا ہوا دکھائی دے گا۔ آنے والا وقت کشمیر کی آزادی کا ہے اور مسلمانوں کی فتح ضرور ہو گی۔ پاکستان کی عوام اور بالخصوص افواج پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری عوام کے ہر دکھ درد میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی آزادی تک اپنی ہر ممکن کوشش میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہمیں عمران خان کی قیادت میں کشمیر آزاد ہوتا دکھائی دے رہا ہے موجودہ حکومت سے امید کرتے ہیں جس طرح انہوں نے اقوام متحدہ تک اس مسئلہ کو اجاگر کیا ہے جلد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ شامل ہوں گے۔