• Sun. Sep 8th, 2024

وزیر اعظم پاکستان کی اپیل پر قوم ایک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان ۔ گورنر سندھ

Aug 30, 2019

کراچی،(غلام مصطفے عزیز ) وزیر اعظم پاکستا ن عمران خان کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت، ممبر قومی اسمبلی آفتاب صدیقی،صوبائی اسمبلی کے ممبران میں جمال صدیقی، سعید آفریدی، راجا اظہر، ڈاکٹر سیما، ادیبہ ، شجاعت قریشی، مشہور کرکٹر شاہد آفریدی اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی اپیل پر قوم ایک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام، حکومت، آرمی سمیت تمام فورسز و تمام قوتیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،اس ضمن میں موجودہ حکومت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کو بتادینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم آخری دم تک کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر دنیا کو توجہ دینا ہوگی، اقوام متحدہ اپنی قرار دادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں کردار ادا کرے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت سرکار کا گھناﺅنہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، اب وقت دور نہیں جب کشمیری بھی آزاد فضاﺅں میں سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا کیونکہ ہماری پاک افواج، دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔