• Mon. Sep 16th, 2024

احساس پروگرام ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے، گورنر سندھ

Sep 1, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کے قیام کی جانب پہلا قدم ہے جس سے عوام کو بھرپور بہت فائدہ ہوگا، وزیر اعظم پاکستان کی خواہش ہے کہ عوام کی ہر ممکن خدمت کی جائے، اس ضمن میں ہیلتھ کا رڈ کا اجراءملکی تاریخ میں اہم فیصلہ ہے جس کی بدولت تقریباً ساڑھے سات لاکھ روپے سے زائد رقم سے صحت کی سہولیات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ مضر اور جان لیوا امراض میںمبتلہ افراد کے لئے اس کارڈ کے ذریعے مزید رقم بھی فراہم کی جاتی ہے۔ یہ بات انہوں نے صوبہ سندھ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو احساس پروگرام کے بارے بریفنگ دینے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب ، میئر کراچی وسیم اختر، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سندھ اور صوبے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیر اعظم کو ہر وقت اس بات کی فکر رہتی ہے کہ وہ ملک سے غربت کے خاتمہ کے لئے جو کچھ ہوسکتا ہے وہ کریں، اس منصوبے کے ذریعے عوام کو بلا تفریق احساس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ احساس پروگرام کے ذریعے فول پروف سسٹم کے تحت ٹرانسپیرنٹ طریقہ سے ملک بھر کے افراد کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے تاکہ مستحق افراد کی نشاندہی کرکے ان کو احساس پروگرام میں شامل کیا جائے۔ گور نر سندھ نے کہا کہ احساس پرگرام شروع کرنے پر وزیراعظم خراج تحسین مستحق ہیں ، جبکہ اس پروگرام میں کام کرنے والوں کی خدمات بھی قابل قدر ہیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے خواہش ظاہر کی کہ احساس پروگرام سمیت دیگر پروگرام میں حکومت سندھ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔ فالحال ہیلتھ کارڈ میں میں سندھ حکومت وفاق کے ساتھ شامل نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ستمبر 2019 میں مکمل ہونے والے کراچی کے پانچ پروجیکٹس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان کریں گے۔ ایک اور سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں صفائی ، کچرے اور دیگر مسائل کی وجہ کراچی شہر میں مختلف اتھارٹیز کا ہونا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں شہر کی صفائی ستھرائی کا ذمہ دار اس شہر کا میئر ہوتا ہے، اس ضمن میں حکومت سندھ ، وفاقی حکومت اور لوکل گورنمنٹ کو مل جل کر اس مسئلہ کا حل نکالنا ہوگا۔ ایک اور سوال کے جوا ب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سے کچرا اٹھانا مسئلہ کا حل نہیں جب تک کہ اس کچرے کو تلف کرنے کا کوئی مربوط نظام قائم نہیں کیا جاتا کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر کچرا شہر میں جمع ہوتا ہے۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حوالے سے کئے گئے سوال کے بارے میں گورنر سندھ نے کہا کہ بورڈ اپنا کام بہتر انداز سے نہیں کررہا ہے۔ ایک اور سوال کاجواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی، پاکستان کا معاشی حب ہے یہاں پر مزید سہولیات دے کر بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے لوکل باڈی سسٹم کو اتھارٹی دینا ہوگی۔ اس سے قبل وزیر اعظم کی معان خصوصی برائے سوشل پروٹیکشن اینڈ پاورٹی ایلیویشن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے صحافیوں کو احساس پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی فراہم حکومت کی اولین ترجیح ہے پروگرام کی کامیابی کے لئے نجی شعبوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔