• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

کاروباری برادری قومی ایئر لائن کے ساتھ گہرے اور مستحکم تعلقات کی خواہش مند ہے۔ ایس ایم منیر، دارو خان اچکزئی

Sep 1, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) (اے پی پی) ملک کی معروف کاروباری شخصیات نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، کاروباری برادری قومی ایئر لائن کے ساتھ گہرے اور مستحکم تعلقات کی خواہش مند ہے، کاروباری شخصیات نے پی آئی اے میں ہونے والی بہتری کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین یونائیٹڈ گروپ ایس ایم منیر اور صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری دارو خان اچکزئی نے پی آئی اے اور فیڈریشن کے درمیان مفاہمتی یاداشت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک بھی موجود تھے۔ اس مفاہمتی یاداشت کے تحت دونوں فریقین اپنے مفادات کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ پی آئی اے کاروباری افراد کی سہولت کے لئے فیڈریشن کے دفتر میں اپنا بکنگ دفتر قائم کرے گی اور ملک کے بڑے ائیر پورٹس پر ایک خصوصی کاوئنٹر بھی مختص کیا جائے گا جبکہ فیڈریشن سفری سہولیات کے لئے پی آئی اے کو ترجیح دے گی اور اپنے کاروبار کی تشہیر کے لئے بھی پی آئی اے کواستعمال کیا جائے گا۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی ترقی اور بحالی کے لئے کاروباری برادری کی جانب سے ان کے تجربے، مشوروں اوربھر پور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیرونی دبائوکے بغیر پی آئی اے درست سمت کی جانب گامزن ہے، پی آئی اے میں ترقی کی بھرپور صلاحیت موجود ہے اورہم قوم کے مفاد کی خاطر اس کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفری سہولتوں کے استعمال کے علاوہ ان کی یہ خواہش ہے کہ کاروباری برادری کارگو کے لئے پی آئی اے کی سہولت سے استفادہ کرے، موجودہ سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت سے پی آئی اے کی آمدن میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ائر لائن کے دوسرے شعبہ جات میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے جن میں سیٹ فیکٹر، طیاروں کا موثر استعمال، کارگو لوڈ فیکٹر اور کسٹمر سروس شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ برانڈنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملکی معیشت کو بہتر بنانے اور قومی آمدنی میں اضافہ کو فروغ حاصل ہو گا۔ تقریب میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعلیٰ عہدیداروں جن میں ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، نور احمد خان، شبیر احمد، ارشد جمال اور شجاعت علی بیگ نے بھی خطاب کیا اور ائر لائن کی بحالی کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔