• Sat. Jul 27th, 2024

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھیل رہے اہم بھارتی کھلاڑی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے

Sep 3, 2019

نئی دلی (نمائندہ خصوصی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں ، عدالت نے کرکٹر کو 15 روز میںپیش ہونے کا حکم دیا ہے۔محمد شامی اس وقت ویسٹ انڈیز میں بھارت کی طرف سے سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

2018 کے آغاز میں محمد شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے ان پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا جس پر کرکٹر اور ان کے بھائی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 498A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جب سے مقدمہ درج ہوا ہے تب سے اب تک محمد شامی یا ان کے بھائی حارث احمد کبھی بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث پیر کے روز ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

وارنٹ گرفتاری مغربی بنگال کے ضلع علی پور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں جس میں کرکٹر اور ان کے بھائی کو 15 روز میں عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔