• Sat. Dec 9th, 2023

ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ اگر بلدیہ اپنے ذرائع سے ادا کرے تو شارٹ فال میں مزید چار کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا۔ میئر کراچی وسیم اختر

ByNews Time

Sep 4, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ کی جانب سے 2019-20 ء کے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کو اگر بلدیہ اپنے ذرائع سے ادا کرے تو شارٹ فال میں مزید چار کروڑ روپے کا اضافہ ہوگا جو مجموعی طور پر 12 کروڑ روپے ماہانہ ہوجائے گا اس اضافی رقم کی عدم فراہمی کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ملازمین کو یہ اضافی تنخواہ دینے سے قاصر ہے،نامساعد حالات کے باوجود فائر فائٹرز کو ایک ماہ کا فائر رسک الاؤنس ستمبر کے آخری ہفتے میں ادا کردیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں سجن یونین (سی بی اے)کے مرکزی صدر سید ذوالفقار علی شاہ کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، لیبر ڈویژن کے انچارج محمد احمد سمیت یونین کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت نے چھ ڈسٹرکٹس اور تین اتھارٹیز بنا کر کے ایم سی کو تقسیم کردیا جبکہ ریونیو والے دیگر محکمے بھی اپنے پاس رکھ لئے جس کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں، وسائل نہ ہونے کی وجہ سے کے ایم سی کو اپنے ملازمین کی تنخواہوں کے لئے بھی سندھ حکومت کی جانب دیکھنا پڑتا ہے، بجٹ میں بڑھائی گئی 15 فیصد اضافی تنخواہ کے لئے تقریباً 4 کروڑ روپے کی اضافی رقم درکار ہے جبکہ کے ایم سی پہلے ہی 8کروڑ روپے کے شارٹ فال سے دو چار ہے اس لئے سندھ حکومت کی جانب سے اضافی رقم کی ادئیگی کے بغیر ہم ملازمین کو بڑھائی گئی اضافی تنخواہ نہیں دے سکتے، میئر کراچی نے کہا کہ فائر بریگیڈ کا محکمہ دنیا بھر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، فائر مین اپنی جانوں پر کھیل کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے فائر مین بے شمار سہولیات سے محروم ہیں ہمیں اس کا احساس ہے مگر ہم چاہتے ہوئے بھی ان کو سہولیات فراہم نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں اس کے باوجود ہم بھرپور کوشش کرتے ہیں کہ ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور فائر رسک الاؤنس کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کریں، فائرفائٹرز کو ایک ماہ کا فائر رسک الاؤنس ستمبر کے آخری ہفتے میں ادا کردیا جائے گا کیونکہ یہ ان کا حق ہے، میئر کراچی نے کہا کہ اسپتالوں کی خراب صورتحال کو دیکھتے ہوئے گزشتہ ماہ 10کروڑ روپے سے زائد رقم کے طبی آلات اور ضروری سامان فراہم کیا گیا ہے تاکہ اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات حاصل ہوسکیں، یہ ہم نے کوئی احسان نہیں کیا بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ طبی سہولیات کی فراہمی شہریوں کا حق ہے جو انہیں ملنا چاہئے، ملاقات کے موقع پر سجن یونین کے صدر سید ذوالفقار شاہ نے فائر بریگیڈ اور میونسپل سروسز کے عملے کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے میئر کراچی سے درخواست کی کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جائے، انہوں نے فائر رسک الاؤنس کی ادائیگی کے حوالے سے میئر کراچی کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین ادارے کی بہتری اور ترقی کے لئے ہرممکن تعاون کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *