کراچی(غلام مصطفے عزیز ) بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ہمدرد یونیورسٹی کا شہر کو ہرا بھرا اور صاف ستھرا رکھنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ، ہمدرد یونیورسٹی کے طلباء شجر کاری مہم میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں ماحول بچاؤ آگاہی پروگراموں کا بھی انعقاد کریں گے، وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن کی میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات، باہمی تعاون سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن سے ان کے دفتر میں وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے طلباء کے ہمراہ ملاقات کی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی کا اپنے دفتر میں پرُتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا تحفہ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کا نشان پیش کیا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات مثبت تبدیلی لانے کا سبب بنتے ہیں کیونکہ وہ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر آگے بڑھنے کا جذبہ بھی رکھتے ہیں،وہ علم کے ساتھ ساتھ مختلف صلاحیتوں کو سیکھ کر ان کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں، تعلیمی ڈگری کے ساتھ درس گاہوں میں سیکھا ہوا علم اور تربیت آنے والی زندگی میں کارآمد ہوتی ہے۔ ہمدرد یونیورسٹی ایک قابل رشک ادارہ ہے اور اسے ایک بہترین لیڈر شپ ملی جس نے طلباء میں آگے بڑھنے اور کچھ کرنے کا حوصلہ پیدا کیا، اپنے شہر کے لئے ہم سب مل کر کام کریں گے تو اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ آگہی کا عمل کبھی ضائع نہیں ہوتا ہم سب کی انفرادی کوشش اجتماعی کوششوں میں بدل جاتی ہیں جو ماحول کو بہتر بنانے اور مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گی، وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی نے میٹروپولیٹن کمشنر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یونیورسٹی کے تحت طلبہ کی ایک ٹیم کے ہمراہPsychothon’19 کے عنوان سے کراچی میں ماحولیات کی بہتری اور شجر کاری کے لئے باقاعدہ ایک مہم کے طورپر کام کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے ایک سوسائٹی Psychothon’19 ترتیب دی گئی ہے جو شہر کے مختلف علاقوں میں کلین گرین مشن کراچی کے تحت کام کرے گی، مہم کا مقصد شہریوں کو ماحول کی آلودگی اور اسے بہتر بنانے سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے، اس حوالے سے ہم بلدیاتی اداروں کے تعاون سے کام کرنا چاہتے ہیں بالخصوص کے ایم سی کے ساتھ، انہوں نے بتایا کہ اس وقت سوسائٹی کی جانب سے بہت سی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں جن میں مختلف ٹریفک سگنلوں پر کتابچوں کی تقسیم،مختلف علاقوں میں بینرز کا آویزاں کرنا، مختلف اسکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر آگہی کے پروگراموں کا انعقاد کرنا، سوشل میڈیا کے ذریعہ لوگوں کو آگہی فراہم کرنا بالخصوص ان لوگوں سے رابطہ رکھنا جو ماحولیات کی بہتری کے لئے سنجیدگی سے کام کررہے ہیں اور اس شعبہ سے متعلق ہیں، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹرسید سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ان تمام اداروں اورافراد کا بھر پور ساتھ دے گی کہ جو شہر کی خوبصورتی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ایک شیڈول بنا لیا جائے کہ کام کاآغاز کہاں اور کن کن مقامات پر کیا جائے گا تاکہ وہاں پر ضروری انتظامات کر دیئے جائیں،انہوں نے کہا کہ آگہی کا عمل بہت اہمیت کا حامل ہے ہمیں کام اس انداز میں کرنا ہوگا کہ لوگوں کا ذہن بدلے ا س کے لئے اسکولوں کی سطح پر بھی جانا چاہئے اور وہاں کچھ وقت نو عمر طلبہ کے ساتھ بھی گزارنا چاہئے تاکہ ان میں شروع ہی سے یہ احساس بیدار ہوسکے کہ وہ اپنے شہر کے لئے کیا کچھ کرسکتے ہیں ہم جتنا زیادہ چیزوں کو محدود کریں گے کامیابی اتنی ہی زیادہ ملے گی اور جتنا زیادہ پھیلائیں گے کامیابی حاصل کرنے میں اتنی زیادہ مشکلات ہوں گی، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی خود بھی شہر کی شجر کاری کیلئے بھر پور طریقے سے کام کررہی ہے اور مختلف مقامات اور باغات میں پودے لگانے کا عمل جاری ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ہمدرد یونیورسٹی کا شہر کو ہرا بھرا اور صاف ستھرا رکھنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ
