• Tue. Nov 28th, 2023

کے فور منصوبہ میں تاخیر لمحہ فکریہ ہے، اگر کام شروع کیا جائے تو منصوبے کی تکمیل میں مزید 3 سال لگیں گے

ByNews Time

Sep 4, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پی ٹی آئی کے رہنماء محمود مولوی نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے میں تاخیر سے کراچی کی عوام پانی سے محروم ہے، شہر کے 70 فیصد حصے میں پانی نہیں جو کہ لمہ فکریہ ہے، اگراس منصوبے پر دن رات کام شروع کیا جائے تو تکمیل میں مزید 3 سال لگیں گے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مختلف علاقوں کے وفود سے ملاقاتوں کے دوران محمود مولوی نے کہا کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور شہر میں نئے ڈی سیلینیشن پلانٹس بھی لگائے جائیں تاکہ کراچی کے پانی کے مسائل جلد حل کیا جا سکے۔ پوری دنیا میں ڈی سیلینیشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں جس سے پانی کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے، جب تک کے فور منصوبہ مکمل ہو گا تب تک کراچی کی پانی کی طلب میں مزید اضافہ ہوجائے گا اس لئے ابھی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کراچی کے شہریوں کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ کراچی شہر کی پانی کی یومیہ طلب ایک ارب گیلن ہے لیکن فراہمی صرف 45 کروڑ گیلن ہی ہورہی ہے، کے فورمنصوبہ کی تکمیل سے کراچی کا پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا تاہم منصوبہ مکمل ہونے میں اب بھی 3 سال کا وقت درکار ہے۔ محمود مولوی نے کہا کہ کے فور منصوبے کا آغاز جون 2016ء میں ہوا تھا اور منصوبے کی تکمیل جون 2018ء میں ہونی تھی، منصوبہ29 ارب روپے کا تھا جو بڑھ کر 70 ارب تک پہنچ گیا، صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث کے فور منصوبے کی تکمیل سست روی کا شکار ہے، تاخیر ہونے کے باعث منصوبے کی لاگت میں بھی حد سے زیادہ اضافہ ہو گیا ہے، منصوبے کی تاخیر کے باعث کراچی میں آئندہ سالوں میں مزید پانی کا بحران پیدا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں واٹر ہائیڈرنٹس غیر قانونی کام کررہے ہیں اور عوام سے ناجائز پیسے وصول کررہے ہیں، سندھ حکومت ان غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کو بند کرائے اور ہر گھر پانی پہنچانے کے مناسب اقدامات کئے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *