• Mon. Sep 16th, 2024

پلواما حملہ، بھارتی سیکیورٹی فورس نے اپنے ہی ملک کی وزارت داخلہ کے دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا

Sep 5, 2019

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی محکمہ جاتی رپورٹ میں پلواما حملے پر وزارت داخلہ کی انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ 14 فروری کو پلواما میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قافلے پر حملہ انٹیلی جنس ناکامی کے باعث پیش آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 14 فروری کے پلواما حملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی جانب سے محکمہ جاتی انکوائری کی رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے جس میں وزارت داخلہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اعتراف کیا گیا کہ حملہ انٹیلی جنس کی مکمل ناکامی تھا۔ایکسپریس کے مطابق سی آر پی ایف کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے سے پہلے کار بم حملے سے متعلق خبردار نہیں کیا گیا اور نہ ہی فورس کے ساتھ احتیاطی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے کوئی ان پٹ شئیر کیا گیا تھا البتہ صرف بارودی سرنگ دھماکوں سے متعلق عمومی الرٹ جاری کی گئی تھی تاہم خود کش کار بم دھماکے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔قبل ازیں 14 فروری کے پلواما حملے پر وزارت داخلہ کی جانب سے جاری انکوائری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پلواما حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کا تاثر غلط ہے۔ انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی بہت اچھی اور سمت درست جانب ہے۔واضح رہے کہ رواں برس 14 فروری کو پلواما میں بھارتی سیکیورٹی فورس کے قافلے پر خود کش کار حملے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔