• Sun. Sep 8th, 2024

ڈیوٹی سے غیر حاضر اور عوامی مسائل حل نہ کرنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو یقین دھانی

Sep 7, 2019

کراچی(غلام مصطفیٰ عزیز) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر اور عوامی مسائل حل نہ کرنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ کسی بھی افسر کی شکایت ملی تو اسے فارغ کردیا جائے گا۔ اس بات کی یقین دھانی انھوں نے آج اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ملک شہزاد اعوان، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اشفاق میمن، مینجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ اسداللھ خان، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اے ڈی سمنانی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات کو فیصل واوڈا نے بلدیہ کے علاقے سمیت دیگر مقامات پر پانی، سیوریج اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے بتایا اور مسائل کے حل کے لیے درخواست کی۔ وفاقی وزیر نے عوامی مسائل حل نہ کرنے والے کچھ افسران کی شکایت کی۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اگر اسٹیک ھولڈرز کو لیکر چلیں تو کراچی کے مسائل کافی حد تک کم کئے جاسکتے ہیں۔ ناصر شاہ سے ملاقات کافی مفید رہی اور انھوں نے اچھا ریسپانس دیا ہے امید ہے کہ جن مسائل کی نشاندھی میں نے کی ہے وزیر بلدیات انھیں ضرور حل کروائیں گے۔ ناصر شاہ نے ایک کمیٹی بنادی ہے جوکہ معاملات کو دیکھے گی۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لیے سب کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں اور ہمارے لیے ہر وہ پارٹی یا فرد قابل احترام ہے جوکہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اور سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔ ہم انھیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محکمہ بلدیات کا قلمدان دیتے ہوئے عوام کے بلدیاتی مسائل حل کرنے کا جو ٹاسک دیا ہے اسے پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے جن مسائل کا ذکر کی اہے انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انھوں نے بعض افسران کی شکایت کی ہے جنھیں معطل کردیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سید مراد علی شاہ کی تبدیلی کے حوالے سے جو خبریں ہیں وہ درست نہیں ہیں وہ 2023 تک وزیراعلیٰ رہیں گے۔ اور 2023 تک ہی سندھ میں حکومت پیپلز پارٹی کی ہی رہے گی بلکہ آئندہ آنے والے وقتوں میں بھی پی پی کی حکومت رہے گی۔ ٹرانسپوٹ کے حوالے سے معاملات زیر غور ہیں۔ اویس شاہ اچھا کام کررہے ہیں اور انتہائی فعال ہیں۔ سندھ حکومت بلاتفریق اور بلاامتیاز عوام کی خدمت کررہی ہے اور جن علاقوں میں پیپلز پارٹی کی مینڈینٹ نہیں وہاں بھی لوگوں کے مسائل حل کئے جارہے ہیں اور ترقیاتی کام کیئے جارہے ہیں اصل مقصد عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔