• Sat. Jul 27th, 2024

جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

Sep 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق (فل اسکیل ائیر پورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز) انجام دی۔ اس مشق کا مقصد ہوائی اڈے پر مصروفِ کار تمام متعلقہ اداروں کی کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناخوش گوار واقعے کی صورت میں باہمی اشتراک عمل کے ساتھ بروقت کارروائی کی استعدادکی جانچ پڑتال تھا۔ قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ایک طیارے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مشق میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس، پی آئی اے اور دیگر ملکی ائیر لائنزکے ساتھ ساتھ، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسز نے بھی فعال کردار ادا کیا۔ اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے ائیرپورٹ منیجر عمران خان نے بتایا کہ یہ مشق ہوا بازی کی عالمی انجمن (ایکائو) کے معیار کے مطابق ہر دوسال بعد کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ہنگامی حالات میں بچائو اور آتشزدگی پر قابو پانے والے کارکنوں کی عملی صلاحیت اور بروقت کارروائی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عام طور پر ایسے ہنگامی حالات میں دو منٹ کے اندر بروقت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے تاہم آج کی مشق میں ہمارے کارکنوں نے ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں بروقت کارروائی کا آغاز کردیا تھا جو ان کی مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس کے اسسٹنٹ چیف سیکیورٹی آفیسر عباس میمن نے مشق کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور مشق صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی ائیرپورٹ پر شروع ہوئی۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر صرف ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں پہنچیں اور بروقت آگ بجھانے کا مظاہرہ کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بچائو کارکنان (ریسکیو ورکرز)، ایدھی، چھیپا کی ایمبولینسز، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے سمیت تمام متعلق افراد نے تیزی سے آتش زدہ طیارے پر پہنچ کر پیشہ ورانہ انداز میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا۔