• Mon. Sep 16th, 2024

نوازشریف اور واجپائی کے درمیان کشمیرپرکیا طے ہوا تھا ؟ سرتاج عزیز نے بتادیا

Sep 8, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیزنے کہاہے نواز شریف اور واجپائی کے درمیان ملاقات میں طے ہوا تھا کہ کشمیر پر پیش رفت ہوگی اور بیک چینل پر دونوں وزرائے خارجہ کام کریں گے۔
جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ“میں گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر برائے امورخارجہ سرتاج عزیزنے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی الگ حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بہت بڑی خلاف ورزی کی ہے ، کشمیری عوام نے اپنی رائے کودنیاپر واضح کردیاہے۔ کشمیریوں نے کبھی الیکشن میں حصہ نہیں لیا ، اس لئے ہر بارالیکشن میں دھاندلی کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور واجپائی کے درمیان ملاقات میں طے ہوا تھا کہ کشمیر پر پیش رفت ہوگی اور بیک چینل پر دونوں وزرائے خارجہ کام کریں گے ۔اس موقع پر بیک چینل پرجوکام ہوا تھااس میں بنیادی چیز یہ تھی کہ جموں اور لداخ ہندوستان میں شامل ہوجائیں گے ، آزاد کشمیر اوردیگرپاکستان میں شامل ہوجائیں گے جبکہ وادی کومزید خود مختاری دیکر دس پندرہ سال کیلئے چھوڑ دیا جائےگا اور دونوں طرف سے وادی میں آنا جانا ہوگا، یہ اعلا ن لاہور کافالواپ تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس پر واجپائی نے چھ ہفتے مانگے تھے لیکن پھر واجپائی کی حکومت گر گئی اور پاکستان میں مشرف نے اقتدار پر قبضہ کرلیا ۔