• Sun. Sep 8th, 2024

کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ”حکمت عملی کمیٹی” کا اجلاس چیئرمین وفاقی وزیر برائے قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیرصدارت منعقد ہوا

Sep 9, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) کراچی کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی جانے والی ”حکمت عملی کمیٹی” کا اجلاس پیر کو یہاں کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر برائے قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء خالد مقبول صدیقی، فیصل واوڈا، میئر کراچی وسیم اختر، امین الحق، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، آفتاب صدیقی، خرم شیرزمان اور ارشد حسین شریک ہوئے۔ چھٹی کے دن بھی کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اہم اجلاس تین گھنٹے تک منعقد کیا گیا اور ان کے حل کے لئے تجاویز پرغور کیا گیا۔ وفاقی حکومت کی کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی کراچی میں درپیش پانی، گندگی، سمیت دیگر مسائل پر رپورٹ بنائے گی۔ ابتدائی طور پر 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کا نام ”کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی” ہوگا جس میں 6 ممبران ایم کیو ایم اور 6 پی ٹی آئی سے شامل کئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے امین الحق فوکل پرسن ہوں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر وزیر اعظم نے کمیٹی بنائی ہے، گذشتہ گیارہ سال میں کراچی کے مسئلوں پر توجہ نہیں دی گئی، کراچی میں کچرے اور دیگر مسائل بے تحاشہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچرا اٹھانا اور ڈمپنگ پوائنٹ تک پہنچانے کے لئے مستقل حل نکالنا ہوگا، آج ہنگامی بنیادوں پر اجلاس طلب کیا گیا اور معاملات پر غورکیا گیا، آج کی میٹنگ میں کمیٹی نے طویل مشاورت کی ہے یہ کمیٹی جنگی بنیادوں پر کام کرے گی اس وقت کراچی میں پانی کی سنگین صورتحال ہے۔ ماس ٹرانزسٹ، بجلی، گندگی سمیت دیگر مسائل ہیں بہت جلد یہ کمیٹی اپنی سفارشات وزیر اعظم کے سامنے رکھے گی۔