• Sat. Jul 27th, 2024

ٹرمپ کا طالبان کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ، گزشتہ 4 روز میں بڑے حملوں کا دعویٰ

Sep 12, 2019

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائن الیون کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی تقریب میں افغان طالبان کو امن مذاکرات کے تعطل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مزید سخت فوجی کارروائیوں کا عندیہ دے دیا۔

پینٹاگون میں اپنی تقریر کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے طالبان کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کے باعث کیمپ ڈیوڈ میں ہونے والے مذاکرات منسوخ کردیے ہیں۔ ’ انہوں نے سوچا کہ وہ اس حملے کے ذریعے اپنی طاقت کا اظہار کریں گے لیکن اصل میں انہوں نے اپنی کمزوری دکھائی ہے، گزشتہ 4 دنوں کے دوران ہم نے اپنے دشمن کو سخت طریقے سے نشانہ بنایا ہے، اس طرح نشانہ بنایا کہ اس سے پہلے ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی بات نہیں کرتے لیکن اب دشمن کے ساتھ وہ ہوگا جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا۔’ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر کوئی ہماری زمین پر حملے کی ہمت کرتا ہے تو ہم اس کو پوری امریکی طاقت اور فولادی جذبے کے ساتھ جواب دیں گے ایسا جذبہ جس کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔‘