• Sat. Jul 27th, 2024

سری لنکن کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں دہشتگرد حملے کے خدشے کا اظہار ، پی سی بی نے اندر کی بات بتادی

Sep 12, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے خدشے پر مبنی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ شیئر نہیں کی گئی، پی سی بی سری لنکا کرکٹ ٹیم کی مکمل حفاظت اور سکیورٹی کیلئے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں تعاون جاری رکھے گا۔

ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے سری لنکا کرکٹ کا بیان دیکھا ہے، ہمارے ساتھ سری لنکا کرکٹ ٹیم کی حفاظت سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ یا کسی بھی معلومات کا تبادلہ نہیں کیا گیا ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی سری لنکا کرکٹ ٹیم کی مکمل حفاظت اور سکیورٹی کے عزم کو دہراتا ہے، پی سی بی اس سلسلے میں سری لنکا کرکٹ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ سری لنکن وزیر اعظم آفس کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ٹور کے دوران سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوسکتا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام اور لنکن حکومت دورہ پاکستان کے دوران کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے معاملات کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں۔