• Sat. Jul 27th, 2024

نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر سے کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی دکھانےکی ترغیب ملے گی

Sep 13, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)قائداعظم ٹرافی کے لئے سندھ کرکٹ ٹیم اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی دکھانےکی ترغیب ملے گی، پاکستان کی کرکٹ کو بہتر کرنا ہر کسی کا ہدف ہے۔ قائداعظم ٹرافی 2019-20 کے لئے پریکٹس سیشن کے بعد پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ڈومیسٹک ٹیموں سے کچھ کھلاڑیوں کو بیٹھنا پڑے گا لیکن جو ٹیمیں تشکیل پائیں ہیں اس سے ایسا لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہوگا اور زیادہ تر کھلاڑی ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل ہوں گے، اس سے مقابلہ بڑھے گا اور کھلاڑیوں کو پروینشیل ٹٰیم میں اپنی جگہ بنانے کےلئے سخت محنت کرتے ہوئے 100 فیصد کارکردگی دیکھانی ہوگی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹیموں میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو اس وقت بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ وہ کھلاڑی بھی ہیں جو مستقبل میں ملک کےلئے کھیلیں گے۔ پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ قوی امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی 20 کی سیریز پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے، ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہترین کوششیں کیں، گزشتہ 3 برس میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ آئی، پی ایس ایل کے فائنل ہوئے، ورلڈ الیون اور سری لنکا کی ٹیمیں کھیل کر گئیں، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لئی پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا مکمل کردار ادا کر رہا ہے، آئی سی سی اور دنیا کے دیگر کرکٹ بورڈز کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کی حمایت کریں کیونکہ پاکستان نے ہمیشہ دوسرے ممالک میں جاکر انہیں سپورٹ کیا ہے، پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ہماری درخواست ہے کہ ٹیمیں یہاں آئیں، انہیں فول پروف سکیورٹی دی جائے گی کیونکہ ماضی میں بھی جو ٹیمیں آئی ہیں انہیں ہماری سکیورٹی فورسز، انتظامیہ نے مکمل سکیورٹی دی ہے۔ قومی کرکٹ کی کپتانی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ یہ پی سی بی نے فیصلہ کرنا ہے کہ کون کپتان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مصباح الحق اور وقاریونس کی بات ہے تو انہیں پہلے بھی سپورٹ کیا تھا اور آگے بھی کریں گے، کوئی بھی کپتان ہو اسے کرکٹ بورڈ کی پوری سپورٹ ہونی چاہئیے تاکہ کپتان اعتماد سے فیصلہ لے سکے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جو کھلاڑی اچھا پرفارم کرے گا اس کا سلیکٹر اس کی کارکردگی سے متعلق چیف سلیکٹر کو آگاہ کرے گا۔