• Tue. Sep 17th, 2024

آج دنیا کے ہر دارالحکومت میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے،فضل الرحمن کو اسلام آباد مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے:شاہ محمود قریشی

Sep 15, 2019

ملتا ن(نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج دنیا کے ہر دارالحکومت میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے،مسلم امہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ ہے، 58 ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے،مولانا فضل الرحمن کو اسلام آباد مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج41روز گزرچکےمقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، کشمیری محرم میں جلوس نہیں نکال سکے، جمعہ کی نماز نہیں پڑھ سکے،آج تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کے رویے پر تنقید کر رہی ہیں، پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا نے مسئلہ کشمیر موثر انداز میں اٹھایا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے سفیر وزیراعظم عمران خان 27ستمبر کو اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے،ان کا خطاب دنیا دیکھے گی۔شاہ محمودقریشی نےکہاکہ مقبوضہ کشمیرکی نئی نسل حق خودارادیت کےلیےکھڑی ہوچکی ہے، نوجوان ایل او سی کو توڑنا چاہتے ہیں مگر اس کے لیے عمران خان کی کال کا انتظار کریں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیے، اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے ہندوستانی میڈیا پراپیگنڈہ کر رہا ہے،مولانا فضل الرحمن کو بھی اسلام آباد مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے، کیا انہیں زیب دیتا ہے کہ 27ستمبر کو جب عمران خان کشمیر کی لڑائی لڑ رہے ہوں گے تو وہ کسی تحریک کا اعلان کریں؟۔افغان امن مذاکرات کی منسوخی پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا حل صرف مذاکرات میں ہے، ہم چاہیں گے جلد طالبان اور امریکہ کے مذاکرات بحال ہوں۔