• Sun. Sep 8th, 2024

قائداعظم ٹرافی گریڈ ون، عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز کی بدولت سندھ کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر473 رنز تک پہنچا دیا

Sep 15, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز )قائداعظم ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے روز یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں سندھ کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 473 رنز5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی، جواب میں بلوچستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے16 رنز بنالئے۔ اسی طرح این بی پی اسٹیٹدیم میں کھیلے جانے والے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں سندھ کی پوری ٹیم235 رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی جس کے جواب میں بلوچستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک 82 رنز بنائے اور اس کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ اسکور کارڈ کے مطابق گریڈ ون کے میچ میں سندھ نے 2وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو عابد علی بلوچستان کی بائولنگ کے سامنے ڈٹ گئے۔ انہوں نے میچ کے دوسرے روز 129رنز کا اضافہ کیا اور 249رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں26 چوکے شامل تھے۔ میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے473 رنز5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے3 جبکہ عمران فرحت اور خرم شہزاد نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی جانب سے امام الحق اور عظیم گھمن نے اننگز کا آغاز کیا۔ دن کے اختتام تک مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے16 رنز بنائے۔ میچ کے تیسرے روز امام الحق9 اور عظیم گھمن 6 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ آج کے میچ میں نامور بالرعمر گل نے تماشائیوں میں جا کر سیلفیاں بنوائیں جس سے تماشائی خوب محظوظ ہوئے۔ دوسری جانب سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچ میں میزبان ٹیم سندھ نے55 رنز2 کھلاڑی آئوٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ سندھ کی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سیف اللہ بنگش نے10 چوکوں کی مدد سے72 رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین رمیز راجہ جونیئر نے48 رنز کی اننگز کھیلی۔ سندھ کی پوری ٹیم235 رنز بنا کرآئوٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے جلات خان نے3 جبکہ نذر حسین، گوہر فیض اور شہزاد ترین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔سندھ کے 235 رنز کے جواب میں بلوچستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز اویس ضیا اور شہزاد ترین نے کیا۔ دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے82 رنز بنائے اور اس کے 2 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔