• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

سیاحت کے فروغ کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن اور انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے مابین یاداشت پر دستخط

Sep 18, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے سیاحت کے ویژن کے تحت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) اور انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے مابین ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس باہمی معاہدے کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے بیرون ملک سے بزنس کلاس اور اکانومی ایگزیکٹو کلاس میں سفر کرنے والے مسافر انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے تحت ناران ، بھوربن اور بالاکوٹ میں مفت قیام کر سکیں گے۔ تقریب میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک، چیئر مین انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ ایلن رچرڈز، پاکستان میں گروپ کے چیف ایگزیکٹو نور الآصف اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے اعجاز مظہر و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ پی آئی اے اور انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے درمیان اس معاہدے سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد حاصل ہو گی۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے اس معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پاکستان میں سیاحت کے مشن کو فروغ دینے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ پی آئی اے کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو سہولیات فراہم کرے اور پاکستان میں سیاحت کو فروغ دے۔ ہم مختلف نجی کاروباری اداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کر رہے ہیں تا کہ ان کے فوائد اپنے مسافروں تک پہنچا سکیں۔ اس معاہدے سے پاکستان کے خوبصورت مقامات اور موسموں کو متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ چیئر مین انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ ایلن رچرڈزنے کہا کہ وہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خدا نے خوبصورت مقامات سے نوازا ہے اور ہماری یہ کوشش ہے کہ دنیا کی بلند چوٹیوں، قدرتی ساحلوں ، جنگلوں ، پہاڑوں اور جھیلوں تک دنیا بھر کے سیاح پہنچیں اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہوں۔ پاکستان کی ایک تاریخ اور ثقافت ہے جو کہ سیاحوں کے لئے کشش رکھتی ہے ۔ پی آئی اے کے ساتھ معاہدے سے ہم اس جانب تیزی سے قدم بڑھا رہے ہیں ۔ پاکستان میں گروپ کے چیف ایگزیکٹو نور الآصف نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ہے کہ وہ سیاحوں کو پاکستان کے قدرتی اور دلکش نظاروں تک لے کر آئیں اور یہ سیاح پاکستان کے بارے میں اپنے تاثرات سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دوستوں تک پہنچائیں جن کو دیکھ ان کو بھی پاکستان کی سیاحت کی رغبت ہو گی۔