• Tue. Jun 25th, 2024

تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی فرمانروا کا بیان بھی سامنے آگیا

Sep 18, 2019

جدہ(نمائندہ خصوصی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملوں میں نہ صرف سعودی عرب کی تیل تنصیبات بلکہ عالمی معیشت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔جدہ میں سعودی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی تنصیبات پر حملے میں دنیا بھر کو ہونے والی تیل کی فراہمی کو نشانہ بنایا گیا، سعودی عرب اپنی تنصیبات پر ہونے والے بزدلانہ حملوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔سعودی کابینہ نے آرامکو تیل تنصیبات پر حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔سعودی کابینہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کا مقابلہ کریں چاہے یہ کہیں سے بھی کیے گئے ہوں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ تیل تنصیبات پر بزدلانہ حملے سعودی عرب کی اہم تنصیبات پر حملوں کے سلسلے کی کڑی ہے، اس حملے نے آزادانہ جہازرانی اور عالمی معاشی نمو کے استحکام کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔