• Sun. Sep 8th, 2024

ریاض مجلسِ پاکستان کے زیرِاہتمام سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل خصوصی کشمیر کمیٹی تشکیل دے دی گئی،

Sep 20, 2019

(ملک عاصم اعوان کی رپورٹ) ریاض مجلسِ پاکستان کے زیرِاہتمام سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل خصوصی کشمیر کمیٹی تشکیل دے دی گئی، مجلسِ پاکستان کے زہراہتمام منعقدہ کل جماعتی پارٹیوں کے سربراہان اور ان کے نمائندگان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی نظامت حافظ عبدالوحید نے کی، اجلاس میں پاکستانی سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل خصوصی کشمیر کمیٹی تشکیل دی گئی اور متفقہ طور پر رانا عبدالروف (مجلسِ پاکستان) اور احسن عباسی (پاکستان پیپلز پارٹی) کو بالترتیب کشمیر کمیٹی کا چیئرمین اور سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا جبکہ میاں عبدالحامد کشمیر کمیٹی کے چیف کوآرڈینیٹر اور وقار نسیم وامق کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔

کشمیر کمیٹی کے اراکین میں مولانا ہمایوں محسود (جمعیت علماء اسلام – ف) اقبال ودود (قومی وطن پارٹی)، رانا خالد اکرم (پاکستان مسلم لیگ -ن) ، مخدوم امین تاجر (پاکستان مسلم لیگ – ن)، فیصل علوی (جمعیتِ اہلِ حدیث)، گلزیب کیانی (پاکستان تحریکِ انصاف)، ظہور خان (عوامی نیشنل پارٹی)، حامد ناصر قادری (تحریک لبیک اسلام)، زاہد شریف (سنی تحریک)، حنیف بابر (پاک سرزمین پارٹی) اور سید محمد اقبال (جماعتِ اسلامی) شامل ہیں۔

اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا عبدالروف نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانی کمیونٹی کی تمام جماعتوں کا کشمیر کے اہم ترین مسئلہ کے لئے اکٹھا ہونا اور مل کر اس کے پرامن حل کے لئے جدوجہد کرنا انتہائی خوش آئند ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کمیٹی اس مسئلہ کے حل کے لئے اپنا ہرممکن کردار ادا کرے گی اور کشمیریوں کی آواز بنے گی، انہوں نے چند روز پہلے مجلسِ پاکستان کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر تمام پارٹیوں کے سربراہان اور نمائندگان کا جو متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے وہ جلد سفارت خانہ پاکستان کو پیش کر دیا جائے گا اور صدرِ پاکستان عارف علوی، وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اور تمام پارٹیوں کے سربراہان کو جلد ارسال کر دیا جائے گا۔

کشمیر کمیٹی کے سیکرٹری جنرل احسن عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے، آج پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ کشمیر کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو کہ یکجا ہوکر اس اہم ترین مسئلہ کے حل کے لئے سرگرم ہے، ہم کشمیر کی آزادی کے لئے پرعزم ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ملنا چاہئے۔

اجلاس میں کشمیر کمیٹی کے تمام اراکین نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کمیٹی اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسے دنیا کے سامنے اجاگر کے گی اور اس کے حل کے لئے اپنا سنجیدہ اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔