• Sat. Jul 27th, 2024

کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ وہ 30ستمبر تک بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگائیں

Sep 21, 2019

ساہیوال(چوہدری خاورعلی)کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ وہ 30ستمبر تک بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگائیں اور سرکاری واجبات کی وصولی کو تیز کریں ،ریونیو افسران کا بنیادی کام ریونیو واجبات کی مکمل وصولی ہے جس پر انہیں سب سے زیادہ توجہ دینی چاہیے -وہ یہاں اپنے دفتر میں ریونیو افسران کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں تینوں اضلا ع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی -انہو ںنے کہا کہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ترجیح ہے جس کے لئے فنڈز کی دستیابی سرکاری واجبات کی وصولی سے مشروط ہے -اس لئے ضروری ہے کہ تمام ریونیو افسران اس موقع پر خصوصی توجہ دیں -انہو ںنے غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے عوام سے فراڈ کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ایسی تمام کالونیوں کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے تا کہ عوام کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے -کمشنر ندیم الرحمن نے نہری پانی کی چوری پر گہری تشویش ظاہر کی جس سے ٹیل پر موجود کاشتکار نہری پانی سے محروم رہ جاتے ہیں اور ریونیو افسران کو کہا کہ وہ محکمہ انہار کے ساتھ ملکر مانیٹرنگ کو تیز کریں اور نہری پانی چوری میں ملوث تمام افراد خواہ وہ کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے -اجلاس میں تینوں اضلاع میں ڈینگی بخار پر تفصیلا غور کیا گیا اور یہ بات نوٹ کی گئی کہ مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت پورے ڈویژن میں ڈینگی بخار کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور جتنے بھی کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہ تمام افراد دوسرے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور وہیں سے بیمار ہو کر آئے ہیں جنہیں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاہم انہو ںنے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ڈینگی سرویلنس پر بھی پوری توجہ دیں