• Mon. Dec 4th, 2023

“کورونا سے اموات کی تعداد بتائے جانے والے فگرز سے تین گنا زیادہ ہے” نئی تحقیق میں حیران کن دعویٰ

ByNews Time

Mar 12, 2022

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وبا کے نتیجے میں اب تک 18 ملین (ایک کروڑ 80 لاکھ) لوگ جانیں گنوا چکے ہیں جو حکومتوں کی جانب سے بتائے جانے والے اعداد و شمار سے تین گنا زیادہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ تحقیق امریکہ کی واشنگٹن یونیورسٹی نے کی ہے جس نے 191 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کورونا وائرس کی مانیٹرنگ کرنے کے بعد اپنی تحقیقاتی رپورٹ شائع کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے دو سال بعد یہ تحقیق شائع کی گئی ہے۔ اس تحقیق میں کورونا وائرس سے براہ راست موت کے منہ میں جانے والے افراد کے علاوہ ان لوگوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو پہلے سے بیماریوں میں مبتلا تھے اور کورونا کی وجہ سے ان میں پیچیدگیاں بڑھنے سے اموات ہوئیں۔
طبی جرنل “دی لینسٹ” میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کورونا کی وجہ سے ہر ایک لاکھ میں 120 افراد کی اموات ہوئی ہیں۔ سنہ 2020 کے آغاز سے سنہ 2021 کے خاتمے تک دنیا بھر میں مجموعی طور پر کورونا کی وجہ سے 18.2 ملین اموات ہوئیں۔
کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات کم آمدنی والے ممالک بشمول لاطینی امریکہ، یورپ اور افریقہ میں ہوئیں۔ اس کے علاوہ زیادہ آمدنی والے ممالک امریکہ اور اٹلی میں بھی کورونا کی وجہ سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اس وبا کی وجہ سے سب سے کم اموات کی شرح آئس لینڈ، آسٹریلیا، سنگا پور، نیوزی لینڈ اور تائیوان میں رہی۔
خیال رہے کہ کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر کی حکومتوں کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ساڑھے 60 لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *