• Sat. Jul 27th, 2024

مودی سرکار کو بڑا جھٹکا، ہزاروں لوگ سان فرانسیسکو ، نیو یارک، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا میں کشمیریوں کے حق میں باہر نکل آئے

Aug 19, 2019

سان فرانسیسکو(نمائندہ خصوصی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جارحیت اور  آرٹیکل  370 کے  خاتمے پر دنیا بھرمیں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے،امریکی ریاست سان فرانسیسکو   ،   نیو یارک، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا  میں بھی سینکڑوں افراد نے مودی سرکارکے خلاف  سڑکوں  پر  نکل  کر  شدید احتجاج کیا جبکہ ہیوسٹن میں مقیم سکھ برادری نے کشمیریوں اور  خالصتان کے حق میں مظاہرہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق  مقبوضہ کشمیر میں  قابض بھارت کی جانب  سے  آرٹیکل تین سو سترکے خاتمے اور کشمیر میں جاری کرفیو پر کئی ممالک میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔امریکی ریاست سان  فرانسیسکو میں مقیم پاکستانی  شہریوں،سکھ کمیونٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت  کے اقدامات کے خلاف  شدید  احتجاج کیا ،اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھی اور  پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما منیر احمد خان بھی احتجاج میں شریک تھے جبکہ خواتین  ،بچوں ،بزرگوں،سکھ برادری سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں  نے بھی بڑی تعداد  میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے میں شرکت کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  ‏چیئرمین نیشنل انسٹیوٹ فار پولٹیکل ایجوکیشن اور سابق مشیر منیر  احمد خان کا کہنا تھا کہ  کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،مودی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ  پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس  موقع پر اپنے اختلافات ختم کرکے سانحہ آرمی پبلک سکول کی طرح ایک  ہو کر دشمن  کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔سان فرانسیسکو میں ہونے والے  اس احتجاج میں مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے  کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر  کشمیر کی آزادی اور  بھارتی  جارحیت کے خلاف نعرےدرج  تھے۔

دوسری طرف آسٹریلیا کے شہرسڈنی اور ڈارون میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نےمودی سرکار کیخلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں بھارتی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ ہوا۔ فضا “مودی دہشت گرد” اور “کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ہیوسٹن میں سکھ برادری بھی سڑکوں پر آئی اور بھارتی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا اور خالصتان کے حق میں نعرے لگائے، احتجاج میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

بھارت میں مسیحیوں کے روحانی پیشوا بشپ جوزف ڈی سوزا نے بھی دنیا بھر کے مسیحیوں سے کشمیریوں کیلئے دعا کی اپیل کی ہے