چنیوٹ(بلال الطاف نیوز ٹائم چنیوٹ )عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا ، اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے شہریوں کو ہر ممکن محکمانہ ریلیف فراہم کریں ، عوام کو انصاف کی فراہمی اور انکی شکایات کا ازالہ اولین ترجیحات ہیں ، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات و مسائل سنتے ہوئے کی، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عوام کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید حسنین حیدر نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، کھلی کچہری میں ضلعی افسروں نے لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر انکے حل کیلئے احکامات جاری کیے ، انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت پنجاب کی ہدایت اور پالیسی کے مطابق ضلع بھر کے تمام محکموں کے متعلق عوامی شکایات کو سننا ہے تاکہ عوام کو موقع پر انصاف اور انکی شکایات کا ازالہ ہو سکے، کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وجنرل طارق خان نیازی، عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنرزحافظ عمران، فضل عباس، ایس ایچ اوز و دیگر پولیس افسران، سی اوز میونسپل کمیٹیز و کارپوریشن و دیگر محکموں ہیلتھ، ایجوکیشن، زراعت،لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ، فیسکو،ہائی وے،روڈزو دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی ، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے جملہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں عوام کیلئے قابل رسائی رہیں اور کسی بھی سائل کا جائز مسئلہ حل ہوئے بغیر نہیں رہنا چاہیے ، انہوں نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ انکی شکایات کے حل کیلئے محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ، آخر میں انکا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے حل میں کافی بہتری آئی ہے ۔