• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 263 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

Dec 24, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے 263رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کر کے نہ صرف سیریز جیٹ لی بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے ایک میچ میں کامیابی بھی حاصل کرلی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن تیسرے نمبر پر آگئی، پاکستان کے بیٹسمین عابد علی کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا، کیپتان اظہر علی نے وننگ ٹرافی اٹھائی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پیر کو 11منٹ کے کھیل میں صرف 16بالز پر سری لنکا کے باقی ماندہ تینوں کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز کیا تو پہلی ہی بال پر ان کے کھلاڑی لاسیتھ ایمبول ڈینایا کوئی رن بنائے بغیر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ امپائر جے ایس ولسن نے لاسیتھ ایمبول ڈینایا کو ناٹ آئوٹ قرار دیا لیکن بالنگ ریویو لینے پر لاسیتھ ایمبول ڈینایا کو آئوٹ قرار دیا۔ جس کے بعد ویشوا فرنینڈو وکٹ پر کھیلنے کے لئے آئے۔ اس موقع پر نسیم شاہ ہیٹ ٹرک پر تھے تاہم وہ ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔لنکن ٹیم کے اوپنر اوشادہ فرنینڈو بھی پاکستانی بالر یاسر شاہ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور انہوں نے بھی اپنے انفرادی اسکور 102 رنز میں مزید اضافہ کئے بغیر میچ کی گیارویں گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد ویشوا فرنینڈو بھی کوئی رن بنائے بغیر نسیم شاہ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ویشوا فرنینڈو نے بیٹنگ ریویو لیا لیکن ٹی وی امپائر نے انہیں آئوٹ قرار دیا۔ اس طرح سری لنکن ٹیم کے باقی مانندہ تیوں کھلاڑی اپنے گذشتہ دن کے اسکور 212 رنز میں کوئی اضافہ کئے بغیر آئوٹ ہوگئے۔پاکستان کے بالر نسیم شاہ نے 12.5 اوورز میں31 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے 20 اوورز میں 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نسیم شاہ 16سال 307 دن کی عمر میں ایک اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے دنیا کے دوسرے بالر بن گئے جنہوں نے انتہائی کم عمری میں 5 وکٹ لینے کا اعزاز حاصل کیا اس سے قبل پاکستان کے نسیم الغنی نے یہ اعزاز 16سال 303 دن کی عمر میں حاصل کیا تھا۔ میچ میں پاکستان کے صف اول کے چار کھلاڑیوں شان مسعود، عابد علی، کیپتان اظہر علی اور بابراعظم نے سینچریاں اسکورکیں جبکہ قومی ٹیم کے بالرز شاہین شاہ آفریدی اورنسیم شاہ 5، 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور انہوں نے اپنی اننگ میں191 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا نے 271 رنز بناکر 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان کے صف اول کے چار بیٹسمینوں شان مسعود، عابد علی، کیپتان اظہر علی اور بابراعظم نے دوسری اننگ میں سینچریاں اسکور کر کے قومی ٹیم کے خلاف نہ صرف 80 رنز کی برتری کو ختم کیا بلکہ 555 رنز کا بڑا اسکور کرکے لنکن ٹیم کو دوسری اننگ میں میچ جیتنے کے لئے 264 رنز کا ٹارگٹ دیا ، لنکن ٹیم اس ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے دوسری اننگ کھیلنے کے لئے میدان میں اتری لیکن ان کے صرف دو بیٹسمین پاکستانی بالرز کا کچھ حد تک سامنا کرسکے جبکہ باقی تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے آئوٹ ہوکر پویلین واپس جاتے رہے۔ لنکن ٹیم کے اوپنر اوشادہ فرنینڈو نے 102 رنز جبکہ وکٹ کیپر نیروشن ڈیک ویلا نے 65 رنز بنائے۔ پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود،عابد علی، کپتان اظہر علی،بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر محمد رضوان،یاسرشاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ اسی طرح سری لنکاکی ٹیم کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، اوشادہ فرنینڈو، کوثل مینڈس، این جیلومیتھیوز،دینش چندیمول، وکٹ کیپر نیروشن ڈیک ویلا، دھنن جیا ڈی سیلوا، دیلرون پریرا، ویشوا فرنینڈو،لاسیتھ ایمبول ڈینایا اور لاھیرو کمارا پر مشتمل ہے۔