• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”گنگولی نے مجھے دیکھا اور میرے پاس آ گئے، ہم 40 منٹ بیٹھے اور اس نے میرا دل جیت لیا“ ثقلین مشتاق نے ماضی کے پنوں سے زبردست واقعہ سنا دیا

Dec 26, 2019

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپنر ثقلین مشتاق نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر سارو گنگولی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے ماضی کے پنوں سے ایسا واقعہ سنایا ہے کہ آپ کے دل میں بھی ان کی عزت میں اضافہ ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ثقلین مشتاق نے کہا کہ سارو گنگولی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے، جب وہ انڈین ٹیم کے کپتان تھے تو انہوں نے بہترین کام کیا اور مجھے یقین ہے کہ وہ بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر بھارت میں کرکٹ کو مزید آگے لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ”بھارت انگلینڈ کے دورے پر تھا اور اس وقت میں سسیکس کیلئے کھیل رہا تھا اور بھارت نے سسیکس کی ٹیم کیخلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلنا تھا۔ سارو گنگولی یہ میچ نہیں کھیل رہے تھے جبکہ سسیکس کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔“
ان کا کہنا تھا ”میرے خیال سے یہ 06-2005ءکی بات ہے اور میرے دونوں گھٹنوں کی سرجری ہوئی تھی جس کے باعث میں 36 سے 37 ہفتوں تک بستر پر رہا اور ڈپریشن کا شکار ہونے کے علاوہ میرا حوصلہ بھی پست تھا۔ میں اس میچ میں سرجری کے بعد کم بیک کر رہا تھا اور سارو گنگولی وہ میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں موجود تھے۔ جب میری ٹیم بیٹنگ کر رہی تھی تو سارو گنگولی نے بالکونی سے مجھے دیکھا لیکن میں انہیں نہیں دیکھ پایا کیونکہ ہمارے ڈریسنگ روم کا رخ دوسری طرف تھا۔ گنگولی ہمارے ڈریسنگ روم میں آئے اور مجھے ایک کپ کافی پینے کی پیشکش کی اور پھر میرے گھنٹوں، زندگی اور فیملی کے بارے میں پوچھا۔ پھر ہم بات چیت کرتے رہے، وہ میرے پاس صرف 40 منٹ کیلئے بیٹھے اور اس دوران انہوں نے میرا دل جیت لیا۔“