• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’میرے پاس تم ہو کی اگلی قسط 60 سے 65 منٹ کی ہوگی، کمزور دل حضرات دوائیاں پاس رکھ کر بیٹھیں، یہ اعلان صرف حضرات کیلئے ہے‘خلیل الرحمان قمر کا پیغام

Jan 9, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی) معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ معروف ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی اگلی قسط بہت ہی دلچسپ ہوگی۔
ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میرے پاس تم ہو کی سیکنڈ لاسٹ قسط 60 سے 65 منٹ کی ہے۔ سب لوگوں سے درخواست کروں گا کہ اس دن دل تھام کر بیٹھیے گا۔
انہوں نے کہا ’ کمزور دل حضرات سے گزارش ہے کہ آپ اپنی دوائیاں اپنے پاس رکھ کے بیٹھیں، کیونکہ آپ دیکھے بغیر تو رہ نہیں سکیں گے، میں مذاق نہیں کر رہا کیونکہ میں خود ایسی تکلیف سے گزر جاتا ہوں کیونکہ کمبخت ندیم بیگ نے اس کا شوٹ ہی ایسا کردیا ہے۔‘
اس پیغام کے ساتھ خواتین کا لفظ استعمال نہ کرنے اور صرف حضرات پر اکتفا کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ یہ پیغام صرف حضرات کیلئے ہے کیونکہ خواتین کا دل اتنا کمزور نہیں ہوتا، وہ یہ بات دل کی بیماریوں کا تناسب دیکھ کر کہہ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر ہفتے کے روز لگنے والا ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ اس وقت پاکستان میں مقبولیت کے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ چکا ہے۔ اس ڈرامے کی ریٹنگ اتنی زیادہ ہے کہ آج سے پہلے کسی بھی پروگرام کو اتنی ریٹنگ نہیں مل سکی۔ اگر آسان طریقے سے ’میرے پاس تم ہو‘ کی مقبولیت کا اندازہ لگانا ہو تو آپ اپنے ذہن میں وہ دن یاد کریں جب صرف پی ٹی وی ہوا کرتا تھا اور بعض پروگراموں کے وقت بازار سنسنان ہوجایا کرتے تھے، یہی حال اس ڈرامے کے وقت بھی ہوتا ہے۔