• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، کب سنایا جائے گا ؟ جانئے

Jan 13, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کی سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیاہے ۔فیصلہ آج ہی سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے تاہم عدالت کی جانب سے فی الحال وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے پرویز مشرف کی درخواست پر سماعت کی اور طویل دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیاہے ۔عدالت میں وفاقی حکومت کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے سمری بھی پیش کی جو کہ گزشتہ سماعت پر لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے مانگی تھی ۔عدالت میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے اس مقدمے کی تحقیقات کیں تھیں ، 20 سے 25 افراد سے تحقیقات کی گئیں لیکن خصوصی عدالت میں ان میں سے ایک شخص جو کہ تفتیش میں شامل تھا ، وہ پیش ہوا تھا ۔
کیس کی سماعت کے دوران جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا کبھی جمہوری نظام میں عدالتوں کے دائرہ اختیار کو ختم کیا گیا ہے؟ یہ نکتہ آصف علی زرداری کے والد کے کیس میں طے کیا گیا،آپ مثال لے لیں ضمانت کا تصور نہیں تھا، کیا عدالتوں نے اسکی تشریح نہیں کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ وفاقی حکومت نے سیکرٹری داخلہ کو کمپلینٹ درج کروانے کی ہدایت کی،۔ جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ آئین میں لکھا ہے کہ وزیرا عظم چاہے تو وزارت خود رکھ کرسمری بھجوا دے۔ جسٹس مسعود جہانگیر نے ریمارکس دیئے کہ اگر کابینہ کا کوئی ممبر نہ ہو تو پھر رولز آف بزنس چل ہی نہیں سکتے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کو نیا نوٹیفکیشن جاری کرنا چاہیے تھا یا پرانے نوٹیفکیشن کی تصدیق کر تی ، 18 ویں ترمیم میں آرٹیکل 6 میں معطلی، اعانت، معطل رکھنے کے الفاظ شامل کیے گئے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ضیاءالحق نے کہا تھا کہ آئین کیا ہے؟ 12 صفحوں کی کتاب ہے،ضیا الحق نے کہا تھا کہ آئین کو کسی بھی وقت پھاڑ کر پھینک دوں، یہ آئین توڑنا تھا۔
جسٹس مظاہر علی کا کہناتھا کہ ایمرجنسی لگائی جائیگی توپھر اس کا تعین ہوگا کہ کیاایمرجنسی آئین کے مطابق لگی یانہیں۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے وفاق کے وکیل سے استفسار کیا کہ تو پھر آئین سے انحراف کیسے ہو گیا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے کہا کہ آرٹیکل 6 میں آئین معطل رکھنے کا لفظ پارلیمنٹ نے شامل کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ آپ نے 3 لفظ شامل کر کے پورے آئین کی حیثیت کو بدل دیا، اس کے ساتھ ساتھ آپ نے ایمرجنسی کو شامل رکھا ہوا ہے، کسی ایک صوبے میں ایمرجنسی نافذ ہو جائے تو کیا کیا جائے گا؟
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ” فیصلے کا انتظار کیا جائے ۔“ عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ امکا ن ظاہر کیا جارہاہے کہ ممکنہ طور پر فیصلہ آج ہی سنایا جا سکتاہے ۔سماعت کرنے والے دیگر جج صاحبان میں جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس مسعود جہانگیر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم جاری کیا تھا جبکہ خصوصی عدالت کی سربراہی کرنے والے جسٹس وقار سیٹھ نے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر پرویز مشرف کی سزا پر عملدرآمد سے پہلے وفات ہو جاتی ہے تو ان کی لاش کو ڈی چوک میں لٹکایا جائے ۔