• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

مہوش حیات نے پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی طارق فتح کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا

Jan 15, 2020

کراچی(نمائندہ خصوصی)بناکسی تحقیق کے خبر’بنانے‘ والے کینیڈین صحافی طارق فتح کو لینے کے دینے پڑ گئے۔مہوش حیات نے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے طنز کے نشتر چلا دیئے۔
طارق فتح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرفلم کاایک سین بغیر کسی تحقیق کے پوسٹ کردیا اورلکھاکہ ’ایک خاتون پولیو ورکرز کے منہ پر دروازہ بند کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ وہ کبھی بھی اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائیں گی کبھی بھی نہیں۔‘ موصوف نے پوسٹ کرنے سے پہلے شاید تحقیق کی زحمت گوارا نہیں کی تھی کہ یہ کوئی حقیقی ویڈیو نہیں بلکہ ایک فلم کا منظر ہے۔
تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی ناموراداکارہ مہوش حیات نے انہیں ٹویٹر پر ہی آئینہ دکھادیا۔مہوش نے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے طارق فتح کا پاکستان مخالف جھوٹ بے نقاب کردیا۔اورکہا ’برائے مہربانی کچھ بھی شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کیا کریں۔لڑکیوں کیلئے خیرسگالی کی سفیر مہوش حیات نے صحافی کو یہ بھی بتادیا کہ یہ ان کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ کا ایک سین ہے جس میں وہ پولیو ورکر بنی ہوئی ہیں اور جو خاتون بچوں کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں وہ بھی ایک اداکارہ ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’فلم کے ذریعے ہم نے اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔‘آخر میں مہوش نے یہ بھی لکھا کہ ’ اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ان کی پرفارمنس آپ کو قائل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔‘
مہوش کی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی طارق فتح پر خوب فقرے کسے اور اسے فلم دیکھنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔