لاہور (نمائندہ خصوصی) بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز میں شامل کئے جانے والے حارث رﺅف اور شعیب ملک دو روز بعد قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں کھلاڑی انٹرنیشنل ٹی 20 لیگز کھیلنے میں مصروف ہیں۔ حارث رﺅف بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی قیادت کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں تو شعیب ملک بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں راجشاہی رائلز کی جانب سے اپنے بلے کا جاد و جگا رہے ہیں اور دونوں کھلاڑی دو روز بعد یعنی 19 جنوری کو قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے منتخب کئے گئے سکواڈ کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں ٹریننگ کیمپ لگایا گیا ہے جو 22 جنوری تک جاری رہے گا جس دوران تین پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے جبکہ باقی وقت میں کھلاڑی نیٹ پریکٹس کریں گے۔