ممبئی (نمائندہ خصوصی) بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئی ہیں، ان کی گاڑی کو حادثہ ممبئی سے 60 کلومیٹر دور خالہ پور میں سہہ پہر ساڑھے 3 بجے پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 69 سالہ اداکارہ شبانہ اعظمی کی ایس یو وی گاڑی کو حادثہ ممبئی پونے ایکسپریس پر رائے گڑھ ضلع میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت ان کے ساتھ شوہر اور معروف شاعر جاوید اختر بھی موجود تھے لیکن وہ محفوظ رہے۔ ان کی گاڑی کو ایکسپریس وے پر پیچھے سے آنے والے ٹرک نے ٹکر ماری ۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ شبانہ اعظمی کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں انہیں زخمی حالت میں زمین پر لیٹے دیکھا جاسکتا ہے۔
رائے گڑے کے ایس پی انیل پرسکار کے مطابق اداکارہ کو نوی ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔