لاہور(ویب ڈیسک) قذافی سٹیڈیم میں 13سال قبل کے بال پکر بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کیلئے تیار ہیں۔بابراعظم نے ستمبر 2016 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں وہ پہلے، ون ڈے میں تیسرے اور ٹیسٹ میں ساتویں نمبر پر ہیں، ان کو ستمبر 2019 میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
بابراعظم نے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاکہ13 سال قبل کا واقعہ آج بھی کل کی بات لگتی ہے، نامور کرکٹرز کو دیکھنے کیلئے روزانہ 3 میل پیدل چل کر گھر سے قذافی سٹیڈیم پہنچتا تھا، کرکٹ سے محبت اور لگن نے ہی آج اس مقام تک پہنچایا ہے، کوشش ہوگی کہ مستقبل میں پرستاروں کی توقعات پر پورا اتروں۔
انھوں نے کہا کہ ہوم کراﺅڈ کا جوش اور ولولہ حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتا ہے، بنگلادیش کیخلاف سیریز میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت اعزاز ہے، منتخب اسکواڈ بہترین سینئر اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی کی موجودگی جونیئرز کے لیے مفید ثابت ہوگی، اگرچہ گذشتہ 9 میں سے 8ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر یقین ہے کہ پاکستان ٹیم مختصر فارمیٹ میں بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔