لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شعیب اختر بھی مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی حمایت میں بول پڑے ہیں جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں ضائع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ”کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو ضائع کر دیا ہے۔ وہ انہیں مڈل آرڈر میں لینا چاہتے تھے لیکن صرف دو میچز کھیلنے کا موقع دیا گیا۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ ناکام ہوئے لیکن انہیں کہیں بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔“
شعیب اختر کا کہنا تھا ”عمر اکمل چند ایسے لوگوں کے نشانے پر رہے ہیں جو انہیں آگے بڑھتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں اور بھی بہت سے ’بیڈ بوائز‘ ہیں اور اگر ہم لکھنا شروع کریں تو صرف ایک کتاب ہی کافی نہیں ہو گی بلکہ ایڈیشنز لکھنے ہوں گے، حتیٰ کہ اس کے بعد بھی نام ختم نہیں ہوں گے۔“
واضح رہے کہ عمر اکمل ایک مرتبہ پھر نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں جن پر الزام ہیں کہ دو فٹنس ٹیسٹوں میں فیل ہونے کے بعد انہوں نے ٹرینر کیساتھ بدتمیزی کی اور مبینہ طور پر ان کے سامنے کپڑے اتار دئیے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا جا چکا ہے