• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستانی کرکٹ ٹیم نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی رینکنگ سے محروم ہونے سے بال بال بچ گئی

Mar 1, 2020

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی رینکنگ سے محروم ہونے سے بال بال بچ گئی، جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ نہ کر پانے سے آسٹریلیا پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے محروم رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بال بال بچ گئی ہے جبکہ آسٹریلیا دنیا کی نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی ٹیم بنتے بنتے رہ گئی۔آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ کرنا تھا جس کے بعد وہ پاکستان سے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھین لیتی تاہم آسٹریلیا سیریز میں کامیابی تو حاصل کر پایا لیکن کلین سویپ کرنے میں ناکام ہوا جو پاکستان کیلئے بہترین نتیجہ ثابت ہوا۔اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے اور کینگروز کسی بھی وقت پاکستان کی 2 سالہ بادشاہت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان2سال سےزائد عرصے سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے،آج تک پاکستان کے علاوہ دنیا کی کوئی دوسری کرکٹ ٹیم اتنے طویل عرصے کیلئے نمبر 1 ٹی ٹوئنٹی ٹیم نہیں رہی تاہم اب خدشہ ہے کہ جلد ہی پاکستان اپنے اس اعزاز سے محروم ہو سکتا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کچھ زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا پایا، جبکہ نمبر 2 ٹیم آسٹریلیا مسلسل فتوحات حاصل کر رہی ہے۔آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان 270 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان سے صرف ایک درجہ نیچے رہتے ہوئے 269 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے ،انگلینڈ 265 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ ہندوستان 264 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔