سلہٹ (نمائندہ خصوصی) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو 123 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلہٹ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے اوپنر تمیم اقبال اور لٹن داس کی انتہائی عمدہ اننگز کی بدولت 43 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنا ڈالے تاہم اس موقع پر بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جس کے بعد میچ کو 43 اوورز تک محدود کرتے ہوئے زمبابوے کو 342 رنز کا ہدف دیا گیا۔
زمبابوے کی جانب سے کارل ممبا واحد باﺅلر تھے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تاہم اس کیساتھ ہی وہ خاصے مہنگے بھی ثابت ہوئے جنہوں نے 8 اوورز میں 69 رنز دئیے۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم ہدف کے تعاقب میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور 37.3 اوورز میں 218 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ سکندر رضا نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جبکہ ریجس چھکابوا 34، برینڈن ٹیلر 14، سین ولیمز 30، ویزلی مادھی ویر 42 اور ڈونلڈ تریپانو 15 رنز بنا سکے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 6.3 اوورز میں 41 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور تیج الاسلام نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مشرفی مرتضیٰ، مستفیض الرحمان اور عفیف حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔