• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شاہین آفریدی اور سمت پٹیل کی تباہ کن باﺅلنگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کتنا ہدف دیا؟ جان کر ہر پاکستانی دنگ رہ جائے

Mar 7, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 21 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں جس نے جیت کیلئے صرف 99 رنز کا ہدف دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 98 رنز بنا سکی جو رواں سیزن میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا گیا سب سے کم سکور ہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ اوپننگ جوڑی جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن کو ایل بی ڈبلیو کر کے لاہور قلندرز کو پہلی کامیابی دلا دی۔ احمد شہزاد نے شاہین آفریدی کو 2 چوکے لگا کر جارحانہ عزائم کا اظہار کیا تاہم وہ بھی 9 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر سمت پٹیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

کپتان سرفراز احمد بھی کریز پر زیادہ دیر ٹھہرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور صرف 1 سکور بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر بین ڈنک کا شکار ہو گئے۔ سمت پٹیل نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرناک بلے باز جیسن روئے کو بھی 21 کے مجموعی سکور پر کلین بولڈ کر دیا، انہوں نے 13 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے ہی نوجوان بلے باز اعظم خان بھی سمت پٹیل کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
بین کٹنگ بھی وکٹوں کے بہتے دریا میں ڈوب گئے اور بغیر کوئی سکور بنائے سمت پٹیل کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ محمد نواز اور سہیل خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 29 رنز جوڑے کر ٹیم کی نصف سنچری تو مکمل کر دی مگر اس موقع پر محمد نواز فرزان راجہ کو شاٹ لگانے کی کوشش میں دلبر حسین کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ فواد احمد نے 8 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 4 رنز بنائے مگر 58 کے مجموعی سکور پر راجہ فرزان کی گیند پر ڈین ویلاس نے انہیں سٹمپ آﺅٹ کر دیا۔ سہیل خان نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی مگر 93 کے مجموعی سکور پر سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ زاہد محمود نے میچ کی صورتحال کے مطابق سست رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر 19 رنز جوڑے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے سمت پٹیل سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 5 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی اور راجہ فرزان نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان ارشاد نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد نواز، شین واٹسن، جیسن روئے، زاہد محمود، بین کٹنگ، محمد اعظم خان، محمد حسنین، فواد احمد اور سہیل خان شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ڈین ویلاس، ڈیوڈ ویزے، سمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، سلمان ارشاد، فرزان راجہ اور دلبر حسین شامل ہیں