پشاور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان آج پشاور اور ضلع مہمند کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے اور احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم خیبر پختون خوا میں احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، یہ پروگرام ابتدائی طور پر 4 اضلاع میں شروع کیا جائے گا، لکی مروت، مہمند، ہری پور اور چار سدہ میں احساس کفالت پروگرام کا آغاز آج ہوگا۔ اس پروگرام سے غریب اور متوسط طبقے کے خاندان مستفید ہوں گے۔
وزیر اعظم دورہ پشاور کے موقع پر انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے، افتتاحی تقریب کے بعد وزیر اعظم ضلع مہمند جائیں گے جہاں وہ احساس کفالت پروگرام کے تحت کارڈ تقسیم کریں گے اور ایک جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔
کے پی کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قیوم سپورٹس کمپلیکس میں میگا سپورٹس ایونٹ آج سے شروع ہو رہا ہے، انڈر 21 گیمز کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، 35 اضلاع سے 7 ہزار سے زائد کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
دریں اثنا، قیوم سٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور شہریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کے اطراف سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔