• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل کے کراچی میں میچز بند اسٹیڈیم میں کروانے کا فیصلہ

Mar 13, 2020

کراچی(غلام مصطفے عزیز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومتِ سندھ کی سفارش پر پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز خالی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 13 مارچ بروز جمعہ سے ہوگا تاہم آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے مابین میچ کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائیوں سے درخواست ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عمل کرتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اورمیڈیا کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کیاہلخانہ کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔اس دوران پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں۔ پی سی بی مداحوں سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ کھلاڑیوں سے آٹوگراف ، تصاویر یا سیلفیز لینے سے اجتناب کریں۔علاوہ ازیں پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ میچ کیبعد کھلاڑی، حریف ٹیم کے اسکواڈ میں شامل اراکین سے ہاتھ ملانے کی بجائے زبانی کلام کریں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کرکٹ میں صحت اور حفاظت کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی بی کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں، میڈیا، سروس پرووائیڈرز اور سیکورٹی اہلکاروں کی صحت اور حفاظت کا مکمل خیال رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعدپی سی بی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہیکہ کراچی میں شیڈول آئندہ میچز خالی نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے مزید کہاکہ پی سی بی کراچی کے فینز سے ہمدردی رکھتا ہے جنہوں نے پی ایس ایل 2020 کے ابتدائی میچوں سمیت گذشتہ ایڈیشن کے 8 میچوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا تاہم حکومتِ سندھ کی سفارش کے بعد ہمارے لیے بطور احتیاطی تدابیر یہ فیصلہ کرنا ضروری تھا۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں پی سی بی کھلاڑیوں اور ٹیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اوراس حوالے سے انہیں مکمل باخبر رکھا جارہا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس سلسلے میں ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ 10 مارچ کو کراچی میں میچز شیڈول کے مطابق کروانے کا فیصلہ حکومتِ سندھ کی مشاورت سے ہی کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہمیشہ مقامی حکومت کی مشاورت سے فیصلے کرتا ہے ۔وسیم خان نے کہاکہ لیگ کے لاہور میں آئندہ میچز کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیاور اس حوالے سے پی سی بی صوبائی حکومت کی ہدایات پرمکمل عمل کرے گا۔اس حوالے سے ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز اور www.yayvo.com ہوگی، جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔اس سلسلے میں آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری بھی جاری ہوئی ہے جس کے مطابق صابن یا پانی سے20 سیکنڈز تک ہاتھ دھوئیں،اگر صابن یا پانی دستیاب نہیں تو سینیٹائزر کا استعمال کریں جس میں کم از کم 60 فیصد الکوحل ہو،دھوئے بغیر اپنی آنکھوں، ناک اور منہ پر ہاتھ مت لگائیں،بیمار لوگوں سے دور رہیں،اگر آپ بیمار ہیں تو سفر سے اجتناب کریں،کھانسی اور بخار کی صورت میں طبی امداد حاصل کریں،اگر آپ بیمار ہیں تو گھر میں رہیں،چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں، استعمال کے بعد ٹشو پیپر یا رومال کو کوڑا دان میں ضرور ڈالیں،متواتر استعمال والی اشیا کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔