ساہیوال(چوہدری خاورعلی سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل ہر سرکاری افسر کی بنیادی فرائض میں شامل ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنے دفاتر میں سائلین کا داخلہ سہل بنائیں اور روزانہ 2گھنٹے عوام کے مسائل ضرور سنیں تا کہ ان کی مشکلات کم ہوں اور مسائل حل ہو سکیں -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کھلی کچہری میں سائلین کی درخواستوں کی سماعت کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا-ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد بھی ان کے ہمراہ تھے-انہوں نے کہا کہ کسی ایک فرد کا شکایت لے کر کمشنر آفس آنا متعلقہ محکمے اور اس کے انچارج افسر پر عدم اعتماد کا مظہر ہے جسے دور کیا جانا چاہیے -عوام کے مسائل متعلقہ دفتر میں فوری حل ہونا ہی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے جس پر سب کو دلجمعی سے عمل پیرا ہونا چاہیے -کمشنر محمد احسن وحید نے افسران پر زور دیا کہ قوانین عوام کی سہولت کے لئے بنائے جاتے ہیں اس لئے انہیں عوام کی مشکلات کم کرنے کے لئے ہی استعمال کیا جائے نہ کہ انہیں پریشان کرنے،دفاتر کے چکر لگوانے اور مشکلات کھڑی کرنے کے لئے استعمال کیا جائے -کھلی کچہری کے موقع پر متعدد افراد نے اپنی شکایات کے ازالے کے لئے درخواستیں بھی دیں جنہیں متعلقہ افسران کے حوالے کر دیا گیا -زیادہ تر شکایات کا تعلق ریونیو معاملات خصوصا تقسیم زمین اور میونسپل کارپوریشن کی سروسز سے متعلق تھا