ساہیوال (چوہدری خاورعلی سے)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں گیسٹرو سکوپک مشین لگا دی گئی ہے جس سے سینکڑوں مریضوں کو مہنگے ٹیسٹ سے نجات مل گئی ہے – 70لاکھ روپے مالیت کی یہ مشین ہسپتال کے سٹور روم میں عرصے سے بند پڑی تھی جس کو پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی کی خصوصی ہدایت پر ریکارڈ مدت میں نصب کر کے آپریشنل کیا گیا -اس سے پہلے قیوم ہسپتال میں بھی گیسٹروسکوپک مشین لگا ئی گئی ہے جہاں اب تک 6سو سے زائد مریضوں کے معدے اور انتڑیوں کا مفت معائنہ کیا جا چکا ہے جبکہ نجی ہسپتال اس ٹیسٹ کا فی مریض 6سے10ہزار روپے چارج کر رہے ہیں -مشین کے کام شروع کرنے کے موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل وارڈ میں خصوصی دعائیہ تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر زاہد کمال صدیقی اور مہمان اعزاز شہر کے معروف فزیشن ڈاکٹر خاور سعید تھے -تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید،میڈیکل وارڈ کے سربراہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد،ایسوسی ایٹ پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر نثار احمد،گیسڑو اینٹالوجسٹ ڈاکٹر سجاد حسین صابر اور ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر سمیع اللہ اور ڈاکٹر محمد زبیر نے بھی شرکت کی -میڈیکل وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر خلیل احمد نے گیسٹرو سکوپی مشین کی تنصیب میں ذاتی دلچسپی لینے پر پرنسپل کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ مریضوں کے مکمل علاج میں تمام وسائل اور صلاحتیں بروئے کار لائیں جائیں گی -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان اعزاز ڈاکٹر خاور سعید نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کی خدمت نوکری سمجھ کر نہیں بلکہ مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کریں کیونکہ کسی انسان کی تکلیف کا مداوا اللہ تعالی کے نزدیک بڑے اجر کا سبب ہے -تقریب کے اختتام پر پی ایچ اے کے سابق چیئر مین پیر احسان الحق ادریس نے خصوصی دعا کرائی