کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ہم نے 15 سے 20 رنز کم بنائے اور کراچی کنگز نے پاور پلے میں بہت ہی اچھی بیٹنگ کی جس کے باعث میچ ہاتھ سے نکل گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جس کے کپتان شاداب خان نے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے ہم نے 15 سے 20 رنز کم بنائے لیکن حریف ٹیم نے پاور پلے میں جس طرح کا کھیل پیش کیا، اس کے باعث ہمارے ہاتھ سے میچ نکل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے جبکہ پچ میں نمی نہ ہونے کی وجہ سے بال بھی سوئنگ ہو رہی تھی اور میرے خیال سے ایسی وکٹ پر بابراعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھا نہیں کھیل سکتا تھا تاہم باﺅلرز پاور پلے کا فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
شاداب خان نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹورنامنٹ میں مجموعی کارکردگی اتنی بری نہیں تھی کیونکہ ہمیں موسم کے علاوہ دیگر مسائل کا سامنا بھی رہا اور دیکھا جائے تو ہم نے جتنے بھی میچز کھیلے، ان میں اچھی کارکردگی دکھائی تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، آئندہ سیزن میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کیلئے بھرپور تیاری کریں گے۔