• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل میچز ملتوی نہ کرنے کا مشورہ، شعیب اختر نے جاوید آفریدی کو جواب دیدیا

Mar 19, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز جاری رکھنے کا مشورہ دینے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی پر کڑی تنقید کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے ناک آﺅٹ مرحلے میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے سیمی فائنل میں تبدیل کیا جس کے تحت پہلا سیمی فائنل منگل کے روز میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جانا تھا جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان شیڈول تھا تاہم اسی روز پی سی بی نے تمام سٹیک ہولڈرز اور فرنچائز مالکان سے مشاورت کے بعد ان میچز کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس فیصلے کے بعد جاوید آفریدی نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں لیگ ملتوی کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتا ہوں لیکن ذاتی طور پر میں یہ میچز کرانے کے حق میں تھا۔ اجلاس کے دوران جب اس مسئلے پر بات ہوئی تو میں نے یہ نقطہ اٹھایا کہ صرف 48 گھنٹوں کی بات ہے، لہٰذا ٹورنامنٹ کا خاتمہ بہتر انداز میں ہونے دینا چاہئے۔

سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے اس معاملے پر جاوید آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم کے مالک کی جانب سے بقیہ میچز کرانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ ذرا فرض کریں کہ اگر یہ وائرس سٹیڈیم میں پھیل جائے، خواہ وہ کراچی میں پھیلے یا لاہور میں پھیل جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایمانداری سے بات کروں تو پی سی بی نے بھی ابتدائی طورپر لیگ جاری رکھنے کا فیصلہ کر کے بیوقوفانہ غلطی کی اور میرے بہت حد تک یقین ہے کہ اگر پی ایس ایل کے ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات کا معاملہ سامنے نہ آیا تو شائد لیگ جاری رکھی جاتی۔ حالانکہ جب کورونا وائرس پھیلنے کا معاملہ شروع ہوا تو ہمیں حالات کا احساس کرتے ہوئے پوری دنیا کیساتھ کھڑے ہونا چاہئے تھا۔