• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی سی بی نے عمر اکمل پر فرد جرم عائد کر دی، کیا کہا گیا ہے اور بلے باز کب تک جواب داخل کرا سکیں گے؟ تمام تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

Mar 21, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پر اینٹی کرپش کوڈ کی خلاف ورزی کی فردجرم عائد کردی جس کا جواب 31 مارچ تک داخل کرایا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر کو 4.2.2 کے تحت چارج کیا گیا ہے اور ان پر الزام کے ہے انہوں نے دو بار قانون کی خلاف ورزی کی۔پی سی بی نے عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے قبل معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی بھی نہ کرسکے تھے۔ اب تقریباً ایک ماہ بعد انہیں اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج کر دیا ہے، عمر اکمل کو نوٹس آف چارج 17 مارچ کو بھیجا گیا اور قوانین کے مطابق وہ 31 مارچ تک جواب دے سکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے دو بار اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں کوڈ 4.2.2 کے تحت چارج کیا گیا ہے۔کوڈ کے مطابق فکسنگ پیشکش موصول ہونے کے بعد عمر اکمل نے پی سی بی ویجی لنس اینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ نہیں کیا اور اس جرم کی سزا کم ازکم چھ ماہ سے تاحیات پابندی ہے۔

بورڈ کی جانب سے معطلی کے باوجود عمر اکمل کے بڑے بھائی اور وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے ان کا مکمل دفاع کیا تھا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے بھائی کو جانتا ہوں، وہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کر سکتے، وہ ابھی بھی اتنے ہی صاف شفاف ہیں جتنے آج سے 10سال قبل تھے جب انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمر اکمل نے اینٹی کرپشن یونٹ سے کسی بھی دوسرے کھلاڑی کے مقابلے میں بہت زیادہ تعاون کیا۔