• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سندھ حکومت لاک ڈاﺅن کی تیاریوں میں مصروف، اداکارہ منال خان لوگوں کو شاپنگ کی دعوت دینے لگیں، ویڈیو دیکھ کر آپ کو بھی حرکت پر افسوس ہوگا

Mar 22, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی) حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور لوگوں سے بار بار درخواست کی جارہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں لیکن ایسے میں اداکارہ منال خان کی جانب سے لوگوں کو شاپنگ کی دعوت دے کر انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی گئی ہے۔

اداکارہ منال خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انہیں جوتوں کی دکان میں کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ منال خان نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ لکی ون مال میں موجود ہیں جہاں جوتوں کی دکان پر گرمیوں کے نئے ڈیزائن آئے ہوئے ہیں، اگر خواتین اپنی گرمیاں سٹائل کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں تو انہیں یہاں ضرور آنا چاہیے۔

اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کی گئی یہ ویڈیوگزشتہ 22 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 67 ہزار 559 لوگوں نے دیکھی ہے۔ عین ممکن ہے کہ بہت سے لوگ ان کی یہ ویڈیو دیکھ کر شاپنگ کرنے پہنچ بھی گئے ہوں ۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے کچھ روز پہلے پاکستانی سلیبرٹیز سے گزارش کی تھی کہ وہ کرونا کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں لیکن اداکارہ منال خان کا یہ رویہ دیکھ کر لگتا ہے کہ ہمارے بعض اداکاروں کیلئے انسانی زندگیوں سے کمرشل ازم زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی اکثریت کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے انتہائی شاندار طریقے سے آگاہی پھیلائی جارہی ہے جن میں ماہرہ خان سر فہرست ہیں جو خود فلائٹ نہ ہونے کے باعث جاپان میں پھنسی ہوئی ہیں لیکن پاکستانی عوام کیلئے مسلسل آگاہی پیغامات جاری کر رہی ہیں۔