ساہیوال( چوہدری خاورعلی )ضلعی انتظامیہ نے کسانوں کو ٹڈی دل کے خطرے سے بچانے کے لئے کارروائیاں مسلسل جاری رکھی ہوئی ہیں اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع بھر میں ٹڈی دل کے بچوں کی تلفی کے لئے سپرے کیا جا رہا ہے -محکمہ زراعت کی ٹیمیں تمام ایسی جگہو ں پر سپرے کو یقینی بنارہی ہیں جہاں ٹڈی دل کے بچوں کی افزائش کا خطرہ موجود ہے -یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محمد فاروق صادق نے نواحی گاؤں 61/4-Rمیں ٹڈی دل کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیتے ہوئے کیا -ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا حبیب الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ٹدی دل کے تمام انڈوں و بچوں کے خاتمے کو ہر صورت یقینی بنائیں تا کہ ضلع ساہیوال میں کسانوں کو متوقع نقصان سے بچایا جا سکے -ڈپٹی ڈائریکٹر رانا حبیب الرحمن نے بتایا کہ ساہیوال کے چکوک 64/4-R،103-104/9-L،132-133میں ٹڈی دل نے انڈے دیئے ہوئے ہیں جہاں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کی ہدایت پر محکمہ زراعت سپرے کر رہا ہے -توقع ہے کہ یہ عمل اگلے 15دن میں مکمل ہو جائے گا اوریہاں سے پیدا ہونے والے تمام بچوں کا خاتمہ ممکن ہو گا -ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محمد فاروق صادق نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ زراعت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور جہاں کہیں ٹڈی دل کی افزائش کا خطرہ ہو فورا محکمہ کو اطلاع دیں تا کہ پیدا ہونے والے بچوں کو فورا تلف کیا جا سکے