لندن (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر جوفرا آرچر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2019ءمیں ملنے والا میڈل گم ہو گیا جو کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد مہمانوں کیلئے مختص بیڈ روم سے ملا۔
تفصیلات کے مطابق جوفرا آرچر نے انکشاف کیا کہ ان کا ورلڈ کپ 2019ءکا میڈل کہیں گم ہوگیا ہے اور انتہائی کوشش کے باوجود بھی وہ اسے ڈھونڈ نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے مجھے تصویر کا حامل ایک پورٹریٹ تحفے میں دیا تھا اور میں نے میڈل کو اسی میں ٹانگ دیا تھا لیکن جب میں نے اپنا فلیٹ تبدیل کیا تو وہ پورٹریٹ تو تھا لیکن اس میں موجود میڈل کہیں غائب ہو گیا۔
میڈل ملنے کیلئے پرامید فاسٹ باؤلر نے کہا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ وہ گھر میں ہی کہیں موجود ہے اور میں اسے ڈھونڈنے کی بھی کوشش کر رہا ہوں لیکن میں اسے ڈھونڈ ڈھونڈ کر پہلے ہی پاگل ہو چکا ہوں۔ میں نے میڈل کو ڈھونڈنے کیلئے ایک ہفتے اپنے پورے گھر کو الٹ پلٹ کرکے دیکھ لیا لیکن میں اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہا۔
میڈل کی تلاش کی سرگرداں فاسٹ باؤلر کو بالآخر 24گھنٹے بعد ہی اپنا قیمتی اور یادگار میڈل مل گیا جس کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے میڈل کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ میں مہمانوں کا بیڈروم چیک کر رہا تھا تو مجھے یہ مل گیا۔